پی ٹی آئی کا 27واں یوم تاسیس، عمران خان نے سیاسی مخالفین کو بڑا چیلنج دیدیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب تک انصاف اور قانون کی عملداری نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرسکے گا، جب مجھے انصاف نہیں ملا تو غریب اور عام شہریوں کو کیسے ملے گا۔

لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی کے یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ میں اپنے اوپر ہونے والے حملے کے بعد تین ملوث لوگوں کیخلاف مقدمہ درج نہیں کروا سکا جبکہ مجھے معلوم بھی تھا، ایک آفیسر کا نام آنے پر پولیس نے میری شکایت پر مقدمہ درج نہیں کیا۔عمران خان نے کہا کہ میں نے برطانیہ میں زندگی گزاری اور وہاں قانون کی عملداری دیکھی اس لیے اپنی تحریک کا نام انصاف رکھا، جب مجھے جو سابق وزیر اعظم ہے اُسے انصاف نہیں ملا تو غریب کسان اور شہری کو کیسے مل سکے گا۔انہوں نے کہا کہ جہاں انصاف ہوتا ہے وہاں پر لوگ آزاد ہوتے ہیں، انہوں نے اعظم سواتی کو اٹھایا، علی امین گنڈا پور کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا اور اب میرے چیف سیکیورٹی آفیسر خاور گھمن کو گرفتار کرلیا جبکہ میری جان کو خطرات لاحق ہیں، خاور گھمن ہی میری سیکیورٹی دیکھتا تھا۔عمران خان نے سیاسی مخالفین کو چیلنج کیا کہ اب تو اسٹیبلشمنٹ آپکے ساتھ ہے ، آئو الیکشن کروائواور جیت کر دکھائو۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ یہ لوگ اسٹیبلشمنٹ کو ساتھ ملا کر بھی نہیں جیت سکتے۔ پی ٹی آئی اب تک 37میں سے 30ضمنی الیکشن جیت چکی ہے اور اسی لیے موجودہ حکمران اتحادپی ٹی آئی سے خوفزدہ ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close