پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا حتمی اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے منعقدہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے اختتام کے بعد چئیرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ آج بروز جمعرات پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔

ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہ ہوئی، لہذا عید الفطر 22 اپریل بروز ہفتہ کو ہو گی۔ اس سے قبل ملک کی 5 زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کی۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ کی زونل رویت ہلال کمیٹیوں نے چاند کی کوئی شہادت موصول نہ ہونے کی تصدیق کی۔دوسری جانب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عید الفطر کا چاند نظر آ گیا۔سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا 29 ایام کے بعد اختتام ہو گیا۔حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری پیغام کے مطابق سعودی عرب کے علاقے تمیر میں شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہو گئی، جبکہ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں بھی چاند نظر آ گیا۔یوں سعودی عرب اور امارات دونوں ممالک میں عید الفطر کل 21 اپریل بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔سعودی عرب دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں شوال کا چاند نظر آیا، جبکہ اس کے بعد متحدہ عرب امارات میں بھی شوال کا چاند نظر آگیا۔

اس سے قبل 3 اسلامی ممالک سمیت 7 ممالک نے بھی عید الفطر کی حتمی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ برونائی دارالاسلام، انڈونیشیا، ملائیشیا، آسٹریلیا، سنگاپور، جاپان اور تھائی لینڈ میں بسنے والے مسلمان 22 اپریل بروز ہفتہ کو عید منائیں گے۔

close