ڈیفالٹ کا خطرہ ٹل چکا، پاکستان ترقی کرے گا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کاروباری شخصیات کو یقین دہانی

راولپنڈی (پی این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے ملک کی دس اہم ترین کاروباری شخصیات سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے کامیابی سے باہر نکل آئے گا، ڈیفالٹکا خطرہ ٹل چکا ہے، ملک ترقی کرے گا اور ہم ایک خوشحال قوم بن کر ابھریں گے۔۔۔ اس ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔۔۔ذرائع کے حوالے سے سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف پوری ملاقات کے دوران پرامید نظر آئے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ معاشی مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا۔

جنرل عاصم منیر نے کاروباری افراد سے کہا کہ وہ پرعزم اور پراعتماد رہیں۔ رپورٹس کے مطابق، آرمی چیف نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد کو بتایا کہ قوم پر مشکلات آتی ہیں اور ہمیں مشکل حالات کا سامنا ہے لیکن بدتر حالات کو ہم پیچھے چھوڑ چکے ہیں اور ہم قائم و دائم رہیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران جنرل عاصم نے اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیا اور شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان موجودہ امتحان میں کامیاب ہو جائے گا۔۔۔ ملاقات میں شامل ایک شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ کاروباری افراد نے آرمی چیف سے ملاقات کی درخواست کی تھی اور وزیر خزانہ کو آرمی چیف نے ملاقات میں شرکت کیلئے دعوت دی تھی۔ کاروباری افراد نے اس ملاقات کو انتہائی کامیاب قرار دیا ہے اور اسے خوشگوار تجربہ قرار دیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close