مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بڑی خوشخبری ،وزیراعظم شہباز شریف کا رمضان المبارک میں غریب گھرانوں کو مفت آٹا دینے کا فیصلہ

لاہور( پی این آئی) وفاقی حکومت نے مہنگائی سے ستائے غریب عوام کے لئے بڑا رمضان پیکیج تیار کر لیا ،رمضان پیکیج کے تحت غریب گھرانوں کو مفت آٹا فراہم کرنے کی منظوری دیدی گئی ۔ اس اقدام کا فیصلہ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب میں رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹے کی فراہمی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پہلی دفعہ غریب گھرانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا پیکیج ہے جو وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ۔

پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب میں غریب ترین لوگوں کو خصوصی رمضان پیکیج کے تحت مفت آٹا فراہم ہوگا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے غریب گھرانوں کو رمضان پیکیج کے تحت آٹے کی فراہمی پر جامع حکمت عملی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں ،پنجاب ماڈل کی طرز پر ملک بھر میں رمضان پیکیج کی غریب عوام کو فراہمی کے لئے وفاق صوبوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ اجلاس میںچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل نے رمضان پیکیج کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ اجلاس میں نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کے علاوہ سیکرٹری خوراک اور دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں