عمران خان نے ایک دن میں 3 مختلف عدالتوں میں پیش ہو کر ریکارڈ قائم کر دیا، رانا ثناللہ کا کپتان کو گرفتار کرنے کا منصوبہ ناکام

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک دن میں3مختلف عدالتوں میں پیش ہو کر ریکارڈ قائم کردیا،حکومت نے عمران خان کو ہر حال میں گرفتار کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا جوناکام ہو گیا،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ عمران خان کی پیشی پر عدالتی فیصلوں سے متعلق لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال مانیٹر کرتے رہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان صحت یاب ہونے کے بعد پہلی بار زمان پارک لاہور سے باہر نکلے اور براستہ موٹروے اسلام آباد پہنچے وہ زخمی ہونے کے باوجود انسداد دہشت گردی کی عدالت، بینکنگ کورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوئے جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی طرف سے عدم پیشی پر چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوگئے، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں حفاظتی ضمانت دے دی۔ دوسری جانب حکومت نے عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور پولیس، رینجرز و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں جنہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ، جوڈیشل کمپلیکس اور ضلع کچہری میں ڈیرے ڈال رکھے تھے جبکہ ہر جگہ الگ الگ بکتر بند گاڑیاں اور قیدیوں والی وین کھڑی کی گئی تھی عدالتوں کی طرف سے عمران خان کی ضمانتیں منسوخ کرنے پر حکومت کا تمام منصوبہ ناکام ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اس موقع پر لمحہ بہ لمحہ کی صورتحال مانیٹر کرتے رہے اور وہ عدالتی کاروائی سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف کو بھی آگاہ کرتے رہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close