مریم نواز نے الیکشن سے پہلے عمران خان سے متعلق بڑا مطالبہ کر دیا

ساہیوال (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ گھڑی چور عمران خان کوپہلے کٹہرے میں کھڑا کریں گے توپھر الیکشن ہوگا، پہلے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کئے جائیں گے،بے گناہ نوازشریف کی غلط سزائیں ختم اورگارڈفادر جیسے القابات واپس لینا ہوں گے، الیکشن اسی سال ہوگا اور مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیتے گی۔

انہوں نے ساہیوال میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو مریم نواز کا سلام اور اس نوازشریف کا سلام جس کے دور میں روٹی 2روپے، چینی 50روپے کلو، آٹا 35روپے فی کلو ، گھی 140روپے فی کلو، بجلی 11روپے فی یونٹ، پیٹرول 65روپے فی لیٹر تھا، پاکستان کو 22، 22گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے نجات دی، پاکستان کے کونے کونے سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کیا، آئی ایم ایف کے سامنے ڈیل کی لیکن عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہیں پڑنے دیا، آپ کو نوازشریف کو سلام جس نے موٹرویز، ہائی ویز، سی پیک ، انٹرنیٹ اور پاکستان ایٹمی طاقت بنا دیا ، جب نوازشریف ہوتا تو پاکستان اوپر جاتا ہے جب نوازشریف نیچے گیا تو پاکستان بھی نیچے چلا گیا۔نوازشریف نے پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالا، جس طرح چاند کو گرہن لگتا ہے اسی طرح پاکستان کو پانامہ بنچ لگ گیا۔ ایک بنچ تھا جس کا نام پانامہ بنچ تھا، جس کے اندر بدنام زمانہ 5ججز تھے، پانامہ بنچ کے بعد پاکستان کی عزت رہی نہ ہی غریب کے لئے روٹی رہی، نوازشریف سے انتقام لے لیتے لیکن غریب کا چولہا کیوں بجھا دیا؟ نوازشریف کے بعد مہنگائی، روپیہ، نہ ہی پاکستان خوشحال ہوا۔پانامہ بنچ بنانے والے جنرل ر فیض حمید جواب دو ، جواب دو نوازشریف کے ساتھ دشمنی میں پاکستان کے ساتھ کیوں ظلم کیا؟ آج پاکستان کے حالات کا کون ذمہ دار ہے؟ عمران خان گھٹیا آدمی کا نام لینا چھوڑو، دوسرا نام فتنہ خان ، گھڑی چو ر کو میں کیا کہوں ؟ تکلیف مجھے یہ ہے کہ اس کو لانے والے جانتے تھے کہ عمران خان کو لانے والے جانتے ہیں یہ پاکستان کی تباہی کا دوسرا نام ہے ، وہ نالائق ترین اور نااہل انسان ہے، نا اس کے پاس کردار اور نہ ہی کارکردگی تھی۔

تم نے نوازشریف کی نفرت میں پاکستان کو تباہ کردیا شرم کرو۔ مسلم لیگ ن کے پاس دو راستے تھے ایک آئی ایم ایف کے ساتھ پی ٹی آئی نے جو معاہدہ کیا، پھر عمران خان جاتے معاہدہ پھاڑ گیا، اگر مسلم لیگ ن پاسداری نہ کرتی تو پاکستان دیوالیہ ہوجاتا، لیکن مسلم لیگ ن پی ٹی آئی نہیں بلکہ دل دھڑکتا ہے ، ن لیگ نے اپنی سیاست کو داؤ پر لگا دیا اورپاکستان کو سری لنکا بننے سے بچا لیا، نوازشریف کو کیا ان کا گند صاف کرنے کیلئے رکھا ہوا ہے؟ یہ گند ڈالتے رہیں گے اور نوازشریف کب تک صاف کرتا رہے گا؟ اس ملک میں کوئی ہے جو ملک سے انصاف کرے؟ یہ الیکشن کا سال ہے، الیکشن ہوگا اور ضرور ہوگا، الیکشن ہوگا بلکہ مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے الیکشن جیتیں گے۔الیکشن ہوگا لیکن انتخابات سے پہلے انصاف ہوگا، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا ، ترازو کے دونوں پلڑے برابر کئے جائیں گے، نوازشریف سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہوگا ، بے گناہ نوازشریف کو ہونے والی غلط سزائیں ختم ہوں گی ، پھر فتنہ خان گھڑی چور عمران خان کو پہلے کٹہرے میں کھڑا کریں گے پھر الیکشن ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close