اسلام آباد (پی این آئی) چیف جسٹس آف پاکستان نے 2 صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر پر از خود نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ کے اعلان میں ہونے والی تاخیر کے معاملے کا از خود نوٹس لے لیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کے نوٹ پر چیف جسٹس نے از خود نوٹس لیا۔ چیف جسٹس کی جانب سے لیے گئے از خود نوٹس کے حوالے سے کہا ہے کہ علم میں لایا گیا کہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کو تحلیل ہوئے ایک ماہ ہو چکا۔ چیف جسٹس نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں عام انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کیلئے 9 رکنی بینچ تشکیل دیا ہے۔ معاملے کی سماعت کا آغاز جمعرات 23 فروری سے ہو گا۔ چیف جسٹس کی جانب سے تشکیل دیے گئے بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال سمیت، جسٹس یحیٰ آفریدی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منصور علی خان، جسٹس منیب شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں