عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو باہر سے اپنا پیسہ واپس لے کر آئیں، عمران خان کا وزیراعظم کی نیوز کانفرنس پر ردِعمل

لاہور (پی این آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو باہر سے اپنا پیسہ واپس لے کر آئیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں، عوام کی بھلائی چاہتے ہیں تو باہر سے اپنا پیسہ واپس لے کر آئیں۔ یہ زمینیں بیچنے اور اس قسم کے اقدامات سے کچھ نہیں ہو گا لوگوں کو پاگل مت بنائیں۔

باہر آپ کے ڈالرز میں پیسے پڑے ہیں جس سے آپ مزید امیر ہو گئے جبکہ عوام مزید غریب ہو گئی۔ آج جو پریس کانفرنس کی گئی وہ اس لیے تھی کہ عوام کو تیار کیا جائے کہ اب مزید مہنگائی آئے گی۔ اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے معاملات آخری مراحل میں ہیں، سٹاف لیول مذاکرات میں آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی گئی ہیں، امید ہے اگلے چند روز میں معاہدہ طے پا جائے گا،آئی ایم ایف معاہدے سے کچھ مشکلات ضرور آئیں گی۔ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد مزید مہنگائی ہوجائے گی، غریب نے ہمیشہ قربانی دی ہے، سیلاب ہو یا زلزلہ ہمیشہ غریب مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رہا، منی بجٹ میں کوشش کی گئی ہے کہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔حکومت نے اخراجات میں اضافہ کیا یا کچھ اور کیا تو بوجھ ہمیشہ غریب پر آیا، منی بجٹ میں امیروں اور بڑی کارپوریشنز پر ٹیکس لگایا گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے ہماری بعض سبسڈیز کو کم کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں موجود سیاسی جماعتیں اور دارے مل کر پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔اطمینان دلاتا ہوں کہ پوری کاوش ہے کہ پاکستان کو مشکلات سے نکالیں، یہ کاوشیں اجتماعی ہیں، میں نے ہمیشہ کہا کہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو پھر اجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی، جس میں سیاسی حکومتیں اور ادارے مل کر قدم اٹھائیں گے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ضرور مشکلات سے نکالیں گے۔ کابینہ نے کہا تھا کہ ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ مجبوراً معاہدہ کرنا ہوگا لیکن ایک دن آئے گا جب آئی ایم ایف کے بغیر پاکستان ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزراء مشیر گیس پانی بجلی کے بل ذاتی جیب سے ادا کریں گے، وزراء اندرون بیرون ملک اکانومی کلاس میں سفر کریں گے، وزراء بیرون ملک فائیوسٹار ہوٹل میں قیام نہیں کریں گے، وزیروں مشیروں سے لگژری گاڑیاں واپس لے لی گئی ہیں۔ ، لگژری گاڑیوں کونیلام کیا جائے گا۔ تمام وزیروں اور مشیروں نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔سرکاری افسران کو صرف ضروری بیرون ملک دوروں کی اجازت ہوگی، ان سرکاری افسران سے گاڑیاں واپس لی جائیں گی جو الاؤنس لیتے ہیں۔ سرکاری افسران سے غیرضروری سکیورٹی گاڑیاں واپس کی جائیں گی، سرکاری افسران کو ایک سے زائد پلاٹ الاٹ نہیں کیا جائے گا، وزراء اور سرکاری افسران کیلئے ٹاوٴن ہاؤسز بنائے جائیں گے۔ بڑے بڑے سرکاری گھر بیچ دیئے جائیں گے۔ بڑے سرکاری گھروں کی فروخت اور نئے کی تعمیر کیلئے کمیٹی بنائی جائے گی۔کمیٹی وزیرقانون کی سربراہی میں کام کرے گی۔ چیف جسٹس صاحبان اور وزرائے اعلیٰ بھی ایسے فیصلے کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں