چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الٰہی کو پھر بڑا جھٹکا دیدیا، ق لیگ کا نام استعمال کرنے پر پابندی لگا دی

لاہور (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پرویز الٰہی کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کردی۔

تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویزالٰہی کو پاکستان مسلم لیگ کے پارٹی آئین 2006ء کے تحت جماعت کی بنیادی رکنیت سے برخاست کردیا گیا اور مزید جتنے عہدے انہوں بوجہ پارٹی رکنیت وصول کیے سب کو کا لعدم قرار دے دیا گیا اور آئندہ کسی بھی لحاظ سے چوہدری پرویزالٰہی کو پارٹی سے منسلک نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی۔اس حوالے سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کو 16 جنوری 2023 کو شو کاز نوٹس برائے معطلی بنیادی رکنیت بھیجا گیا، جس میں ان سے پاکستان مسلم لیگ کو دوسری جماعت میں ضم کرنے کی بابت جواب طلب کیا گیا کیوں کہ کوئی صوبائی صدر ایسا فیصلہ آئینی طور پر نہیں کرسکتا لیکن بطور صدر مسلم لیگ ق پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کے اس قسم کے بیانات سے جماعت کا تشخص اور ساکھ متاثر ہوئی، جس پر ان کے اس غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی 7 روز میں وضاحت مانگی گئی تاہم اس ضمن میں ان کی جانب سے اور نہ ہی ان کے کسی نمائندے کی جانب سے کوئی وضاحت پیش کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ 26 جنوری 2023ء کو چوہدری پرویزالٰہی کی سرکردگی میں ہی لاہور میں ایک جعلی اور غیر آئینی اجلاس بلا کر پارٹی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے مرکزی قیادت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قیادت کو برخاست کرنے کی مضموم کوشش کی، چوہدری پرویزالٰہی کے اس اقدام نے جماعت کو بے پناہ نقصان پہنچایا، پہلے شوکاز نوٹس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایک بار پھر انہوں نے پارٹی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی کی اور اپنی انفرادی ذات کو پارٹی کے منشور اور قواعد و ضوابط سے ماوراء سمجھ کر انہوں نے ایک اور سنگین غلطی کا ارتکاب کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں