ڈی 12 میں مارے جانے والے ایف نائن پارک میں لڑکی سے زیادتی کے ملزمان تھے، اسلام آباد پولیس کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکٹر ڈی 12 میں ناکے پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایف نائن پارک میں خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں۔اسلام آباد پولیس کے مطابق پولیس ناکے پر مسلح ملزمان نے حملہ کر دیا، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے، گزشتہ روز ملزمان کی گرفتاری کی خبر میڈیا کو فراہم کی گئی تھی۔ یہ بات اہم ہے کہ اس سے قبل اسلام آباد پولیس حکام نے بتایا تھا کہ سیکٹر ڈی 12 میں پولیس ناکے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے حملہ کیا گیا ہے،

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہو گئے ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران ناکے پر 2 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان زخمی ہو گئے۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی حملہ آوروں کو اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پولیس اہلکار حفاظتی اقدامات کی وجہ سے محفوظ رہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close