وزیر اعظم شہباز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی، عمران خان کو بھی دعوت، جواب کیا ملا؟

اسلام آباد (پی این آئی) قومی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی کی تیاری اور مشاورت کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف نے 7 فروری کو کُل جماعتی کانفرنس بلا لی ہے، اے پی سی میں پاکستان تحریک انصاف کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اہم قومی چیلنجز پر تمام سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی ہے،

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو بھی بلایا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق وفاقی وزیر ایاز صادق کے پی ٹی آئی رہنماؤں اسد قیصر اور پرویز خٹک سے اس حوالے سے رابطے ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اس معاملے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے اے پی سی اور ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت کیلئے رابطہ کیا ہے، سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد حکومت کو حتمی فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ ایپکس کمیٹی اجلاس میں شرکت سے متعلق مرکزی قیادت سے ہدایات نہیں ملیں، اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ عمران خان کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں