اسلام آباد( پی این آئی) متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کادورہ اسلام آباد موسم کی خرابی کے باعث منسوخ ہو گیا۔ صدر یو اے ای محمد زاید النہیان نے پیر کو اسلام آباد کا دورہ کرنا تھاتاہم وہ بہاولپور میں بارش اور موسم کی صورتحال کے باعث اسلام آباد نہیں آ سکے ، معزر مہمان صبح ساڑھے 7 بجے ٹیک آف کے منتظر تھے۔ صدر یو اے ای شیخ محمد بن زیدالنہیان نے وزیراعظم شہبازشریف سے رابطہ کیا اور دورہ کی منسوخی پراظہار افسوس کیا،
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ آپ کی سلامتی و حفاظت ہمیں زیادہ عزیز ہے،موسم کی شدت میں پرواز کا خطرہ نہیں لے سکتے۔یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ جلد 2 دن کے دورے پر اسلام آباد آئوں گا، انشا اللہ ۔صدر یواے ای کا دورہ منسوخ ہونے پر اسلام آباد کی تمام سڑکیں ٹریفک کیلئے کھول دی گئیں ،پولیس کی وی وی آئی پی سکیورٹی کو بھی کلوز کردیاگیا،تمام حفاظتی سکواڈز کو واپس بھیج دیا گیا۔دوسری جانب وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے
اپنے بیان میں تصدیق کی کہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کو پیر کو پاکستان کے دورے پر پہنچنا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا دورہ پاکستان ری شیڈول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ صدر یو اے ای کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت طے تھی۔ دریں اثناء یو اے ای کی وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دوستی، تعاون اور مختلف شعبوں کے فروغ کے حوالے سے
تبادلہ خیال کے لیے محمد بن زاید النہیان نے پیر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنا تھا۔قبل ازیں، وزیر اعظم ہائوس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان پیر کوایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے، وزیراعظم محمد شہباز شریف ان کا استقبال کریں گے۔کہا گیا تھا کہ مطابق شیخ محمد بن زید النہیان کو جے ایف- 17 طیاروں کے حفاظتی حصار میں پی اے ایف نور خان ایئر بیس پہنچایا جائیگا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں