جیل جانے سے نہیں ڈرتا لیکن قوم کو کھڑا ہونا پڑے گا، عمران خان کا دبنگ اعلان

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم کو کہتا ہوں آج کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھیرا ہے،آخری گیند تک لڑوں گا کبھی ان چوروں کی غلامی کو قبول نہیں کروں گا،مجھے جیل کا کوئی ڈر نہیں۔

موت بھی قریب سے دیکھی ہے، یہ کتنے لوگوں کو جیل میں ڈال دیں گے؟ انہوں نے فواد چودھری کی گرفتاری کے بعد ویڈیولنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہا ہے، وزارت عظمیٰ چھوڑی تو قوم نے بڑی عزت دی، قوم نے جس طرح کی عزت دی پھر وزارت عظمیٰ کیا چیز ہے؟ آج ہم بڑے خطرناک موڑ پر کھڑے ہیں، جہاد کیا ہے؟ ظلم اور ناانصافی کے سامنے کھڑا ہونا جہاد ہے، جہاد اللہ نے ہم پر فرض کیا ہوا ہے، جو قومیں ظلم کے خلاف کھڑی ہوجاتی ہیں، وہ سرخرو ہوتی ہیں، ریاست مدینہ میں پہلے انصاف آیا پھر خوشحالی آئی، چین نے دنیا کی تاریخ میں 70کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال لیا، اسی چین نے ساڑھے چار سو وزیروں کو کرپشن پر جیل میں ڈالا، کفر کا نظام چل جائے گا لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔آج لوگوں کے حالات پوچھیں ،آج آٹا ، بجلی دوگنی ہوگئی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہیں، کسانوں سے پوچھیں یوریاکھاد مہنگی ہوگئی ہے۔ بجلی کے بلوں کا لوگوں سے پوچھیں، ابھی مزید مہنگائی آنے والی ہے۔

ملک کے طاقتور ڈاکوؤں نے 11سوارب روپے کے کرپشن کے کیسز ختم کرا لئے، آج جتنا کبھی پاکستان معاشی بدحالی کا شکار نہیں تھا،ہم نے آزادی کا دعویٰ کیا تھا، لیکن آج غربت بڑھتی جارہی ہے، مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، تنخواہ دار طبقات سے پوچھیں، اس کی وجہ کیا ہے؟ اس کی وجہ ظلم اور ناانصافی کا نظام ہے،میں آج پاکستان کی عدلیہ اور وکلاء برادری سے مخاطب ہوں، اللہ نے آپ کو بڑی ذمہ داری سونپی ہے، وقت ہے کہ آپ قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے ہوجائیں،یہ جس طرف لے کر جارہے ہیں ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے، ملک میں جنگل کا قانون نافذ کیا جا رہا ہے۔لوگوں کی پاکستان سے امید چلی گئی ہے۔ میں صرف عوام کیلئے کھڑا ہوں۔ میری آواز کیوں بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے؟ فواد چودھری کو کیوں پکڑا ہے؟ فواد چودھری نے کیا جرم کیا ہے؟ الیکشن کمیشن کو منشی کہہ دینا یہ کوئی جرم ہے؟ اس پر بھی کسی کو پکڑاجاسکتا ہے؟اعظم سواتی کا کیا قصور تھا؟وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں ملک کیلئے جدوجہد کروں گا، میری ساری زندگی ملک کیلئے ہے، مجھے جیل کا کوئی ڈر نہیں ، موت بھی قریب سے دیکھی ہے۔جیل سے مت ڈریں۔

کتنے لوگوں کو جیل میں ڈال دیں گے؟ پوری قوم کو کہتا ہوں آج کھڑے نہ ہوئے تو آگے اندھیرا ہے۔الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا چیف منسٹر بنایا، الیکشن کمیشن سے سوال ہے کہ آئین کا آرٹیکل 218اور اس کی شق تین ، آپ کا کام شفاف الیکشن کرانا ہے، پھر کیوں محسن نقوی کو مقرر کیا، موجودہ نیب چیئرمین اس وقت محسن نقوی کا انوسٹی گیشن آفیسر تھا، جب پلی بارگین ہوئی۔عدالت نے تین بار فواد چودھری کو عدالت میں طلب کیا، لیکن پیش نہیں کیا گیا، محسن نقوی نے آتے ہی کارنامے دکھا دیئے، پھر جن پولیس افسران نے 25مئی کو تشدد کیا تھا ان کو واپس لے آیا ہے؟ کیا یہ صاف شفاف الیکشن کی تیاری ہورہی ہے؟ نگران حکومت کا مطلب ہی نیوٹرل ایمپائر آئے گا، کیا یہ نیوٹرل ایمپائر ہے؟ پھر گرفتاریاں شروع کردی گئیں، محسن نقوی شفاف الیکشن کرانے نہیں آیا، یہ بالکل ویسے الیکشن کی تیاری ہے جیسے آصف زرداری نے کراچی میں الیکشن کرایا۔میں ابھی پیشنگوئی کرتا ہوں ، عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ ہمارے بنیادی حقوق کا تحفظ کیا جائے۔ اگر آج عدلیہ کھڑی نہ ہوئی تو یاد رکھیں جسٹس منیر کو آج تک تاریخ نہیں بھول سکی، قوم عدلیہ سے توقع کررہی ہے کہ بنیادی حقوق کو بتائیں۔ مشرف دور میں کے مارشل لاء میں 8روز جیل میں رہا ، لیکن اس طرح کا ظلم تب بھی نہیں دیکھا،افسوس سے کہتا ہوں کہ عدلیہ نے ہمارے بنیادی حقوق کی حفاظت نہیں کی، ورنہ وہ پولیس افسر جن کو تعینات کیا گیا یہ واپس نہ آتے۔ہمارے پاس عدالت میں جانے کے سوا کون سا راستہ ہے؟ دوسرا راستہ سڑکوں کو آنے کا ہے؟نگران سیٹ اپ نے آتے ہی مجھ پرحملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو بند کردیا،۔

اس میں شہبازشریف اور رانا ثناء اللہ ملوث تھے، اگر نہیں تھے تو ان کو کیا ڈر تھا؟ آئین کا آرٹیکل 5کہتا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 48گھنٹوں میں گورنر الیکشن کی تاریخ دیتا ہے۔ ہم نے اپنی اسمبلیاں تحلیل کیں، قومی اسمبلی بھی اسی لئے تحلیل کی تھی کہ الیکشن کراتے ہیں، ہمیں نظر آرہا تھا کہ ملک تباہی کی طرف جارہا ہے، ابھی تک لگ رہا ہے کہ ان کا الیکشن کرانے کا کوئی موڈ نہیں ہے، یہ محسن نقوی کو اسی لئے لے کر آئے ہیں، عدلیہ سے کہتا ہوں کہ آئین میں کوئی گنجائش نہیں ہے، 90دنوں میں الیکشن ہونے چاہئیں۔آخر میں کہنا چاہتا ہوں کہ میں کسی صورت ان چوروں کی غلامی کو قبول نہیں کروں گا، آخری گیند تک ان کا مقابلہ کروں گا، مجھے جیل سے ڈراتے مجھے کوئی فکر نہیں ہے۔ میں ایک آزاد انسان ہوں میں کبھی کسی کی غلامی نہیں مانتا، میں نے اللہ کے سامنے دعویٰ کیا ہو اہے کہ تیرے سوا کوئی خدا نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں