مسلم لیگ (ق) نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا حتمی فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (پی این آئی) مسلم لیگ (ق) نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پارٹی کی سینئر قیادت اور رہنماؤں سے مشاورت مکمل کرلی ہے، جس کے بعد تحریک انصاف میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔چودھری پرویز الٰہی بڑے سیاسی فیصلے کے تحت آج شام 6 بجے اپنے اراکین کے ساتھ تحریک انصاف میں شامل ہوں گے۔قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے

چیئرمین عمران خان کی خواہش پر مسلم لیگ (ق) کے تحریک انصاف میں ضم ہونے کا امکان ہے جبکہ مونس الٰہی اور دیگر رہنما پارٹی انضمام کے حامی ہیں۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نےچودھری پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کو (ق) لیگ کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کی پیش کش کی ہے۔جس پر مسلم لیگ (ق) کے پی ٹی آئی میں ضم ہونے کا امکان ہے۔تاہم حتمی فیصلہ (ق) لیگ کے پرویز الٰہی کی قیادت میں ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں

ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس الٰہی مسلم لیگ (ق) کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کے حامی ہیں جب کہ مسلم لیگ (ق) کے سابق ارکان اسمبلی کی اکثریت نے بھی پارٹی کو پی ٹی آئی میں ضم کرنے کی حمایت کردی ہے۔دوسری جانب چودھری پرویز الٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے (ق) لیگ کے تحریک انصاف میں انضمام کی پیش کش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے کہا کہ (ق) لیگ پی ٹی آئی میں ضم ہو جائے تو بہتر ہے۔ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ٹھیک کہا ہے کہ نیند کی گولی سے بھی شہباز شریف کو نیند نہیں آنی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close