اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کے ازالہ کیلئے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت بنیادی اشیا ضروریہ پر خصوصی ٹارگیٹڈ سبسڈی یکم جنوری 2023سے فراہم کر نے کی منظوری دی ہے ان اشیا ضروریہ میں آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالیں شامل ہیں۔ ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کے تحت
رجسٹرڈ صارفین جنکا سکور غربت انڈکس میں32۔ پی ایم ٹی کے برابر یا نیچے ہوگا، ان کو آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالوں پر خصوصی ٹارگیٹڈ سبسڈی دی جائیگی۔ ان رجسٹرڈ صارفین کیلئے آٹا 10کلو بیگ 400 روپے، گھی 300 روپے فی کلو، جبکہ چینی 70 روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگی جبکہ چاول اور دالوں پر 15-20روپے فی کلو کی بچت ہوگی۔ ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حد آٹا 40کلو، چینی 5 کلو، اورگھی 5 کلو مقرر کی گئی ہے۔
یوٹیلیٹی سٹورز کے دیگر صارفین کو بھی وزیر اعظم ریلیف پیکج کے تحت سبسڈی دی جائیگی۔ عام صارفین کیلئے بھی آٹا، چینی،گھی، چاول اور دالیں پر سبسڈی دی جائیگی۔ ان تمام صارفین کو آٹا 10کلو بیگ 648 روپے، گھی فی کلو 375روپے اور چینی 89 روپے فی کلو، کے حساب سے فراہم کیا جائیگا۔جبکہ چاول اور دالوں پر 15-20روپے فی کلو کی بچت ہوگی۔ان صارفین کیلئے ماہانہ خریداری کی حدآٹا 20 کلو، چینی 3 کلو، گھی 3کلو مقرر کی گئی ہے۔ خیبر پختونخواہ کے
عوام کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر قائم کردہ آٹا سیلز پوائنٹس اورموبائیل یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا 10کلو بیگ 400 روپے پر فراہم کیا جائے گا۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے تمام صارفین سبسڈی کے حصول کیلئے یوٹیلیٹی سٹور پر آنے سے پہلے اپنا شناختی کارڈ نمبر اپنے موبائیل سے 5566 پرایس ایم ایس بھجوایاکرینگے انکو خریداری کیلئے ون ٹائم پاس ورڈ او پی ٹی مہیا کیا جائیگا اور کسی بھی یوٹیلیٹی اسٹورز میں وہ ون ٹائم پاس ورڈاو پی ٹی اور شناختی کارڈ دکھانے پر سبسڈائزڈ اشیا کی خریداری کر سکیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں