وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی

لاہور(پی این آئی)مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی ہے۔

 

 

پیر کی رات کو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی جانب سے سپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کو جمع کروائی گئی تحریک عدم اعتماد میں کہا گیا ہے کہ ’وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا ہے اور صوبہ پنجاب کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جا رہے ہیں۔‘’نیز ملکی صورتحال کے زیراثر انہوں نے صوبہ پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا ہے لہذا یہ ایوان چوہدری پرویز الٰہی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔‘واضح رہے کہ 17 دسمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا۔

 

 

سنیچر کو لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں وزیراعلیٰ پرویز الہی اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کو ساتھ بٹھا کر ویڈیو لنک کے ذریعے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ ’اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بعد ہم الیکشن کی تیاری کریں گے، اس کے بعد غالباً ہماری 123 قومی اسمبلی کی نشستیں ہیں، ہم وہاں جا کر اسپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر کہیں گے کہ ہمارے استعفے قبول کرو۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close