جو ہو سکا کریں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکہ نے پاکستان کا ساتھ دینے کا اعلان کر دیا

واشنگٹن (پی این آئی) دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ اپنے ملک کو بین الاقوامی دہشت گرد گروہوں کے لیے جنت نہیں بننے دیں گے۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا پاکستان میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ ہمیں کرائی گئی بہت سی یقین دہانیوں میں سے ایک یہ بھی تھی کہ افغانستان کو ایک بار پھر بین الاقوامی دہشتگردوں کی جنت نہیں بننے دیا جائے گا اور نہ ہی اسے دیگر ممالک پر ہونے والے حملوں کے لیے ایک لانچ پیڈ بننے دیا جائے گا۔

نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد یہ ہے کہ دہشتگرد افغانستان کو پاکستان پر حملے کرنے کے لیے ایک لانچ پیڈ کے طور پر استعمال نہ کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ امریکہ دہشتگردی کی روک تھام کے لیے صرف افغانستان میں طالبان کی محتاج نہیں۔ نیڈ پرائس کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک خطے میں دہشت گردی کی روک تھام کی بات ہے تو ہمارے پاس موجودہ صلاحیتوں کی وجہ سے ہم صرف طالبان کے محتاج نہیں۔ امریکی ترجمان نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر مسلح گروہوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں اپنے اتحادیوں بشمول پاکستان کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خطرات کو روکنے کے لیے جو ہو سکا کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close