اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنمائوں نے اتفاق کیا کہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ ہی کوئی دبا ئوقبول ہے۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل کے معاملے پر سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے اور اسی سلسلے میں حکومت اور پی ڈی ایم جماعتوں نے سر جوڑ لئے ہیں۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کی شہباز شریف سے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی حکومت معاشی امور پر مکمل توجہ دے رہی ہے، جلد قوم کو ریلیف دیں گے۔ملاقات میں پی ٹی آئی کی سیاسی حکمت کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے، عمران خان کی کسی دھمکی کا اثر نہ لینے کا اتفاق کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے والا پہلے اپنے اندرونی خلفشار کو سنبھالے جبکہ دونوں رہنمائوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نہ قبل از وقت الیکشن ہوں گے اور نہ کوئی دبا قبول ہے۔دونوں رہنمائوں نے پنجاب کی سیاسی صورتحال پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پی ڈی ایم کا اجلاس جلد بلانے پر بھی اتفاق کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں