راولپنڈی (پی این آئی) پاک فوج نے بھارت کے ایک اعلیٰ فوجی افسر کی جانب سے آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔ اس حوالے سے آج صبح آئی ایس پی آر سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق آئی ایس پی آر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق اعلیٰ بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد ہے، آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑتی ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہے،
بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی اور توہین آمیز ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں