اسلام آباد ( پی این آئی ) وزیراعظم شہباز شریف نے موجودہ سیاسی صورتحال پر وزراء کو اعتماد میں لینے کے لئے وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب بُلا لیا۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے کابینہ کا خصوصی اجلاس جمعرات کو طلب کیا گیا ہے۔
وفاقی کابینہ کا اجلاس 24 نومبرکو صبح 9 بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا، یہ خصوصی اجلاس ایک نکاتی ایجنڈے پر بلایا گیا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 24 نومبر کو 2 روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہوں گے، وزیراعظم کے ساتھ وزیر دفاع سمیت دیگر دفاعی حکام بھی اس دورے پر جائیں گے، جہاں وزیراعظم اور ترک صدر کے درمیان اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے باہمی تعلقات کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی جائے گی جب کہ اس دورے میں وزیراعظم ترکیہ میں اعلی سطح کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے، شہباز شریف ترکیہ کا یہ دورہ مکمل کرنے کے بعد 26 نومبر کو وطن واپس پہنچ جائیں گے۔علاوہ ازیں ازیں وزیر اعظم شہباز شریف سے چند وفاقی وزراء کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، ایاز صادق اور معاون خصوصی ملک احمد خان نے ملاقات کی۔ ذرائع کے حوالے سے پتہ چلا کہ ملاقات میں سکیورٹی ادارے کے سربراہ بھی موجود تھے، ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری اور اہم تعیناتیوں سے متعلق امور زیر غور آئے، جب کہ آئندہ 24 گھنٹے میں اہم تعیناتیوں پر پیشرفت متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں