اسلام آباد (پی این آئی ) فیڈرل ہیلتھ الائنس کے ترجمان ڈاکٹراسفند یار نے اعلان کیا ہے کہ پمزہسپتال میں لاگو کیے گئے ایم ٹی آئی جیسے کالے قانون کے خلاف آج تمام او پی ڈیز بند رہیں گی اور احتجاج میں شامل تمام ملازمین اج پیر کی صبح 8 بجے سے دن 2 بجے تک ایڈمن پورچ کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے جبکہ فیڈرل ہیلتھ الائنس کے صدر ڈاکٹر حیدرعباسی نے کہا ہے کہ ایم ٹی آئی جیسے کالے قانون کے خلاف ہم پہلے بھی احتجاج کرتے رہے ہیں اوراس کے خاتمے تک ہم آئندہ بھی احتجاج کرتے رہیں گے،
کالے قانون کے خاتمے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں ترجمان فیڈرل ہیلتھ الائنس ڈاکٹراسفند یار ، چئیر مین چودہری قمر گجر صدر ڈاکٹر حیدر عباسی، ارشد خان، ملک طاہر، نواز لالی، ربنواز ربن نے کہاکہ پمز ہسپتال کے پروفیسرز ،ڈاکٹرز ، آفیسرز ،نرسز ، پیرامیڈکس اور نان گزیٹڈ ملازمین نے صدر عارف علوی کی جانب سے ایم ٹی آئی جیسے کالے قانون کے خاتمے میں رکاوٹ ڈالنے اور پمز ایکٹ 2022 کی دونوں ایوانوں قومی اسمبلی و سینیٹ آف پاکستان سے منظوری کے باوجود اسے منظور نہ کرنے پر پمز ملازمین آج احتجاج کرینگے اورہسپتال کی تمام اوپی ڈیز آج بند رہیں گی، اس احتجاج میں شامل تمام ملازمین پیر صبح 8 بجے سے 2بجے تک ایڈمن پورچ کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے ۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ تاخیری حربوں اور لوٹ کھسوٹ اور اقربا پروری و پسند نا پسند کے کالے قانون ایم ٹی آئی کے تحت راتوں رات پمز کے تمام وسائل و اثاثہ جات مالی بجٹ کی مد میں لوٹ لیے گئے اور کئی گنا زیادہ تنخواہ جوکہ پانچ سے سات لاکھ ماہانہ بنتی ہے پر چہیتوں کو نوازا جا رہا ہے ، سول سرونٹس کی سرکاری پوسٹوں پر خلاف قانون اپنے رولز بنائے بغیر اور سفارش کی بنیاد پر بھرتیاں بھی کی جا رہی ہیں، ایسے تمام اقدامات کیخلاف ہم نے آج احتجاج کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہاکہ پمز کی سرکاری حیثیت تبدیل کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی حکومت نے ایم ٹی آئی جیسا کالا قانون اس ادارے پر لاگو کیا تھا جس پر پمز ملازمین نے 72 روز تک تاریخی احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا اس کالے قانون کے لاگو ہونے کے بعد ہسپتال ملازمین کے ساتھ ساتھ مریضوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
حکومت اور وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل ماضی کی مثال دہراتے ہوئے اس ظلم و نا انصافی کا نوٹس لیتے ہوئے جلد از جلد ایم ٹی آئی کے پیرو کاروں کو ملازمین دشمن و لوٹ کھسوٹ کے اقدامات سے روکنے کے احکامات جاری کریں پمز کو سرکاری طور وزارت صحت کے ماتحت ادارے کے اصولوں پر چلانے ۔موجودہ مینجمنٹ کمیٹی اور بورڈ کا خاتمہ کرکے پمز کو سرکاری تحویل میں لیا جائے اور اور دونوں ایوانوں کے منظور کردہ ایکٹ کو منظور کروائیں اور اس ایکٹ کی روشنی میں جلد از جلد سرکاری اصول و ضوابط پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کریں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں