عمران خان کی اپنے کارکنوں کو سڑکوں پر حائل تمام رکاوٹیں ختم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(پی این آئی)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سڑکوں پر حائل تمام رکاوٹیں ختم کردیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے لکھا کہ ’جیسا کہ اب حقیقی آزادی کیلئے لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ہوچکا ہے میں اپنے تمام ورکرز کو ہدایت دیتا ہوں کہ وہ ملک بھر میں سڑکوں کی بندش کو فوری طور پر ختم کردیں۔‘

خیال رہے کہ وزیرآباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا تھا جو آج دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کا وزیر آباد سے دوبارہ آغاز ہوا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہےکہ حقیقی آزادی کی تحریک رکےگی نہيں اور زور پکڑے گی۔

تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے قاتلانہ حملے میں زخمی عمران خان نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ سے ویڈيو لنک پر مارچ کے شرکا سے خطاب کیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ انہيں منصوبہ بندی کے تحت قتل کرنے کی کوشش کی گئی ، یہ منصوبہ بندی ستمبرمیں ہوئی تھی، 24 ستمبرکو میں نے کہہ دیا تھا کہ میرے قتل کی منصوبہ بندی ہوئی ہے، ابتسام ہمارا ہیرو ہے جس نے حملے کو ناکام بنایا، معظم کے شہید ہونے پر بہت دکھ ہوا، اس کے بچوں کی کفالت کی ذمہ داری پوری کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں