تیاریاں مکمل، عمران خان کا لانگ مارچ آج لاہور سے شروع ہو گا

لاہور (پی این آئی) پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے اعلان کے مطابق لاہور کے لبرٹی چوک سے آج لانگ مارچ آج اسلام آباد کے لیے روانہ ہو رہا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ لانگ مارچ لاہور کے لبرٹی چوک سے آج جمعے کی صبح 11 بجے شروع ہوگا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اس لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔ لانگ مارچ کے لیے کنٹینر پہلے ہی لبرٹی چوک میں پہنچایا جا چکا ہے۔

یہ وہی کنٹینر ہے جس پر عمران خان نے 2014 میں اسلام آباد کی طرف مارچ کیا تھا اور اس کے بعد ڈی چوک پہنچ کر دھرنا دیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لبرٹی چوک میں پہنچائے گئے کنٹینر میں پانچ کرسیاں لگائی گئی ہیں جن پر عمران خان اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ بیٹھ کر کسی بھی اجلاس کی صدارت کر سکتے ہیں۔ جبکہ کنٹینر کی چھت پر درجنوں افراد کے کھڑے ہونے کی جگہ بنائی گئی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ پنجاب پولیس لانگ مارچ کے شرکاء کو سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا دوسرا لانگ مارچ ہوگا جس کی قیادت وہ خود کرتے ہوئے لاہور سے روانہ ہوں گے۔ اس سے پہلے انہوں نے اگست 2014 میں لاہور سے ہی ایک مارچ کا آغاز کیا تھا جو اسلام آباد پہنچنے کے بعد دھرنے میں تبدیل ہو گیا تھا اور یہ دھرنا 126 دن جاری رہا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق یہ لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد پہنچ کر ختم ہو گا یا نہیں یہ اس بات پر منحصر ہے حکومت کی طرف سے تحریک انصاف کے مطالبات پر کیا ردعمل سامنے آتا ہے؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں