اسلام آباد(پی این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ منگل کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بتایا کہ لانگ مارچ کا آغاز جمعے کو صبح گیارہ بجے لاہور کے لبرٹی چوک سے کر رہا ہوں۔ جی ٹی روڈ سے عوام کے ساتھ اسلام آباد کی طرف جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے بتایا کہ لانگ مارچ کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے۔ اسلام آباد میں کسی سے لڑنے نہیں جا رہے ۔ ہم ریڈ زون نہیں جائیں گے۔ سپریم کورٹ جہاں کہے گی وہاں جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں تین مرتبہ لانگ مارچ ہوئے۔ ہم نے کبھی بھی کسی کو لانگ مارچ کرنے سے نہیں روکا۔ فضل الرحمان نے دو اور بلاول بھٹو نے ایک بار لانگ مارچ کیا۔ مریم نواز نے بھی لانگ مارچ کیا تھا لیکن وہ گوجرانوالہ میں کہیں رہ گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ’یہ لوگ لانگ مارچ میں گڑبڑ کوا سکتے ہیں۔ گرفتاری کے لیے تیار بیٹھا ہوں۔ لانگ مارچ کوئی سیاست نہیں، ہم ملک کے مستقبل کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کوئی شک میں نہ رہے، ملک بہت مشکل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 25 مئی کو پُرامن احتجاج کیا جبکہ انہوں نے تشدد سے روکنے کی کوشش کی۔ اگر 25 مئی کو واپس نہ ہوتا تو ملک میں خون خرابہ ہوجاتا۔سابق وزیراعظم نے بتایا کہ ہمارے دروازے مذاکرات کے لیے کھُلے تھے لیکن مجھے یقین ہو گیا کہ یہ الیکشن نہیں کرائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حقیقی آزادی کا جہاد فیصلہ کرے گا کہ ہم نے کہاں جانا ہے۔
کیا ہم نے ان چوروں کی غلامی کرنی ہے۔صحافی ارشد شریف کی ہلاکت کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ارشد شریف کے ساتھ جیسا سلوک انہوں نے کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ ارشد شریف کو ڈرایا دھمکایا گیا کہ اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جاؤ۔انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ارشد شریف شہید کی یادگار بنائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں