توشہ خانہ کیس، عمران خان نااہل قرار

اسلام آباد(پی این آئی )توشہ خانہ کیس, عمران خان نااہل قرار،الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو نااہل قرار دیدیا۔جیو نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے متفقہ فیصلہ سنایا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے، عمران خان کی جانب سے جمع کرایا گیا جواب درست نہیں تھا، عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے ہیں،

ان کی قومی اسمبلی کی نشست کو خالی قرار دیا جاتا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے فول پروف سکیورٹی طلب کرنے کے بعد کمیشن کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پی ٹی آئی کارکنوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس کے شیل پہنچادیے گئے ہیں۔اسلام آباد انتظامیہ نے ایس ایس پی کی نگرانی میں سکیورٹی تعینات کی جس میں ایک ایس ایس پی ، 5 ایس پیز ، 6 ڈی ایس پی سمیت ساڑھے 11 سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں

جب کہ پولیس کے ساتھ ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات ہیں۔الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے اور ریڈ زون میں بھی داخلہ محدود کردیا گیا ہے۔پولیس کاکہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو الیکشن کمیشن تک پہنچنے نہیں دیا جائے گا۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، اسد عمر اور دیگر الیکشن کمیشن پہنچے جس پر کمیشن کے گیٹ کو بند کردیا گیا جس کی وجہ سے انہیں گیٹ پھلانگ کر اندر جانا پڑا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں