ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا، عمران خان 7حلقوں سے امیدوار

اسلام آباد (پی این آئی) ضمنی الیکشن کیلئے 11 حلقوں میں میدان سج گیا، ووٹنگ آج ہورہی ہے۔ آج قومی اسمبلی کے آٹھ اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں پر ضمنی الیکشن ہورہا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات والے حلقوں میں 24لاکھ 60ہزارمرد اور 20 لاکھ 28ہزار کے قریب خواتین رجسٹرڈووٹرز موجود ہیں۔

 

 

ضمنی انتخاب والے 11حلقوں میں 2937پولنگ سٹیشنز موجود ہیں جن میں سے 806مردانہ، 713 زنانہ جبکہ 1416 مشترکہ پولنگ سٹیشنز ہیں۔ 11 حلقوں میں پولنگ بوتھ کی کل تعداد 9869 ہے جن میں 5294مردانہ اور 4575زنانہ پولنگ بوتھ ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 747 انتہائی حساس جبکہ 694 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ان حلقوں پر مختلف سیاسی جماعتوں کے 100 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے آٹھ میں سے سات حلقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان خود الیکشن لڑ رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے آٹھویں حلقے این اے 157 ملتان سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر شاہ محمود قریشی کی صاحبزادی مہربانو قریشی میدان میں ہیں، یہ نشست زین قریشی کے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر خالی ہوئی تھی جب کہ قومی اسمبلی کی باقی نشستیں سپیکر کی جانب سے تحریک انصاف کے استعفوں کی منظوری کے نتیجے میں خالی ہوئی تھیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخابات کی سیکیورٹی کے لئے پولیس، رینجرز اور پاکستان آرمی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

 

 

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حاملہ خواتین، خواجہ سراء، معذور افراد اور بزرگ ووٹر ز کا ووٹ ترجیحی بنیادوں پر کاسٹ کر وایا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی، پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close