عاشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہونے کے لیے کوئی ڈگری نہیں چاہیے، سیرت کانفرنس سے عمران خان کا خطاب

اسلام آباد (پی این آئی) پی ٹی آئی کے چیئرمین سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عاشق رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہونے کے لیے کوئی ڈگری نہیں چاہیے۔اسلام آباد میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خدا اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جو خود بدلنے کی کوشش نہیں کرتی، اپنے بچوں کو بتاتا ہوں کہ میری زندگی سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے کیسے بدلی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے سیاست شروع کی تو لوگ کہتے تھے سیاست بری چیز ہے، آپ کو ذلیل کردے گی۔ان کا کہنا تھا کہ خوف ہوتا تھا کہ لوگ مذاق اڑائیں گے، لوگوں کے سامنے تقریر نہیں کرسکتا تھا، جیسے جیسے سیرت النبی صلی اللّٰہ علیہ وسلم پڑھتا گیا، خوف کے بت ٹوٹتے گئے۔ پہلا خوف ٹوٹا کہ میں ذلیل ہوجاؤں گا، مجھ پر ذاتی حملے ہوئے، فیملی کو بھی نہیں چھوڑا گیا۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ نے عزت و ذلت اپنے ہاتھ میں رکھی ہوئی ہے، مجھے 6 مہینے میں جتنی عزت اللّٰہ نے دی، زندگی میں اتنی عزت نہیں ملی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سیاست میں آیا تو میں نے موت کے خوف پر قابو پایا، جو لوگ ایمان لے آئیں، اللّٰہ ان کے خوف دور کر دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خوف انسان کو بڑے کاموں سے روکتا ہے، یہ خوف ذہن سے نکال دیں، آزاد ذہن نئی ایجادات اور بڑے کام کرتے ہیں جبکہ غلام ذہن کوئی چیز بھی ایجاد نہیں کرتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ’میں‘ کا بت، بہت بڑا بت ہے، انسان اپنی ذات سے نہیں نکلتا، جو انسان اپنے لیے زندگی گزارتا ہے، وہ چھوٹا انسان بن جاتا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں