جب کال دوں گا تو اس کے بعد واپسی نہیں ہو گی، عمران خان کا دوٹوک اعلان

پشاور (پی این آئی) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ جب کال دوں گا تو اس کے بعد واپسی نہیں ہو گی،ظلم کیخلاف نکلنے کیلئے قوم کو جلد کال دوں گا۔قوم پر جو ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے یہ میں کبھی برداشت نہیں کروں گا۔

 

 

چوروں کو این آر او دیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے ایڈورڈ کالج میں طلبہ سے خطاب میں کہا کہ مجھے کسی چیز کا خوف نہیں ہے نہ جیل اور نہ اپنی جان کا۔مجھے اکیلے بھی انکے خلاف نکلنا پڑا تو میں نکلوں گا۔نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں،تعلیم جتنی بہتر ہو گی اتنے ہی بہترین لیڈر ہوں گے۔طاقتور اور کمزور کے لیے الگ قانون ہوتو قوم کبھی ترقی نہیں کرتی،جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا وہاں غربت ہوجاتی ہے۔شریف خاندان کے اربوں روپے کے فلیٹس لندن میں ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے کہا لندن میں کیا میرا تو پاکستان میں بھی جائیداد نہیں۔حکمرانوں نے اپنے لیے نیب قوانین تبدیل کیے اور خود کو این آر او دیا۔جب سے یہ حکومت آئی ہے پاکستانی روپیہ 33 فیصد گر گیا،آنے والوں دنوں میں تباہی کا راستہ آپ کے سامنے آ رہا ہے۔بڑے بڑے ڈاکو ملک کا پیسہ چوری کر کے باہر لے گئے۔

 

 

انہوں نے مزید کہا کہ جس ملک میں انصاف نہیں ہوتا وہاں غربت ہوتی ہے۔ابھی بھی انکا پیٹ نہیں بھرا،مریم نواز داماد کیلئے پیسے بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔شہباز شریف کہہ رہا ہے کہ فکر نہ کرو اسحاق ڈار آئیں تو پیسے بن جائیں گے۔آمدن بڑھے تو اصول ہے کہ وہ شخص بتائے کہ پیسے کہاں سے آئے۔ عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں بدترین مہنگائی ہے اور معیشت نیچے جا رہی ہے۔1100 ارب کی چوری بھی معاف کی جا رہی ہے۔ملک کو لوٹتے ہیں پھر بھاگ جاتے ہیں اورواپس بھی آ جاتے ہیں۔ایسے چوروں کو بری کیا جاتا رہا تو یہ آپ کیلئے بہت خطرناک ہے۔قوم کو خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں