اسلام آباد (پی این آئی )نومنتخب وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈالر کی قیمت کو قابو کرنا بڑا چیلنج قرار دے دیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما نےڈالر کی سٹے بازی میں ملوث عناصر کو پیغام دیا ہے کہ ہنڈی اور سٹے کا کاروبار کرنے والوں کو اجازت نہیں دیں گے، اس وقت روپے کی قدر مصنوعی طور پر جو گری ہوئی ہے وہ ایک چیلنج ہے، مہنگائی اور یوٹیلیٹی قیمتیں بھی بڑا چیلنج ہے۔گزشتہ کچھ روز سے امریکی ڈالر کے زوال اور پاکستانی روپے کے
عروج کا سفر جاری ہے۔آج صبح ن لیگی رہنما اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا اور وہ وزیرِ خزانہ بن گئے اس خبر کے ساتھ ہی ڈالر کی قدر میں مزید گراوٹ سامنے آئی ہے۔انٹر بینک میں ڈالر1 روپے 91 پیسے سستا ہونے کے بعد 232 روپے کا ہو گیا ہے۔رواں ہفتے انٹربینک میں ڈالر 7 روپے 65 پیسے سستا ہو چکا ہے۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت مستحکم رکھنے کے لیے حکومت نے ایف آئی اے کو ٹاسک دیتے ہوئے مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے
خلاف فوری کریک ڈائون کی ہدایت کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے کے چیف آف اسٹاف کے دستخط سے زونل دفاتر کو ایک مراسلہ جاری ہوا ہے، جس میں مشتبہ منی چینجرز اور حوالہ ہنڈی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کا فیصلہ وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں اجلاس میں ہوا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈالر کی قیمت میں یومیہ بنیادوں پر اتار چڑھائو سے معیشت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔
مراسلے کے مطابق کریک ڈائون کی ہفتہ وار رپورٹ ڈائریکٹر ای سی ڈبلیو کو ارسال کی جائے گی، کارروائیوں کی آڑ میں ممکنہ کرپشن کی روک تھام کے لیے زونل ڈائریکٹرز نظر رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں