ایک گیند سے تین وکٹیں گریں گی، عمران خان نے احتجاجی کال سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

رحیم یار خان (پی این آئی) عمران خان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء تم اور تمہارا ڈرپوک چیری بلاسم کان کھول کر سن لو، اس مرتبہ کپتان پوری تیاری کر کے آئے گا، میری ایک گیند سے جب تینوں کی وکٹیں گریں گی تب کال دوں گا، کوئی مارچ، دھرنا نہیں ہوگا، میری کال پاکستان کو بچانے صاف اور شفاف الیکشن کے لیے آخری کال ہوگی، جب میرے مخالف سمجھیں گے عمران پیچھے ہٹ گیا تب کال دوں گا۔

 

ٹائیگرفورس کوتیاررہنے کا حکم دیا ہے اب وقت زیادہ دورنہیں، مجھے پتا ہے قوم حقیقی آزادی کی جدوجہد کے لیے تیارہے، نوجوان، خواتین، بچے، بزرگ سب کو پیغام ہے سب تیار ہو جائیں ۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے رحیم یار خان میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جلسے میں شرکت کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان والوں کے آج جذبہ وجنون،شعور کو دیکھا ہے، گرمی کے باوجود خواتین جلسے میں آئیں۔عمران خان نے کہا کہ سیلاب میں ہمارے بہن، بھائی، بچے متاثر ہوئے، چاروں طرف پانی کی وجہ سے متاثرین مشکلات کا شکارہیں، متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے، ہر پاکستانی کو چاہیے جتنی ہو سکے سیلاب متاثرین کی مدد کریں، تین ٹیلی تھون میں 8 گھنٹے کے دوران مجھے 14 ارب پاکستانیوں نے دیئے۔

 

 

چئیرمین تحریک انصاف نے وزیر اعظم اور ان کے ہمراہ امریکا کا دورہ کرنے والے وزراء کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلئے امریکی اداکارہ پاکستان آئی جبکہ یہ لوگ اٹھ کر بیرون ملک چلے گئے، وہاں مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں، امریکی دورے پرقوم کے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے، امریکا سے بھیک مانگی جا رہی ہے۔پاکستان میں جس طرح کا سیلاب آیا دنیا کو ہماری مدد کرنی چاہیے تھی، دنیا کو زرداری، شریف خاندان کی چوریوں کا پتا ہے اس لیے مدد نہیں کر رہے، 30 سال دونوں پارٹیوں نے ملک کا دیوالیہ نکالا آج بیرون ملک پیسے مانگ رہے ہیں، بیرون ممالک سب کو پتا ہے ان کے اپنے پیسے باہر پڑے ہیں۔ شہباز شریف نے امریکا میں جا کر خود کہا کہ ہمارا دیوالیہ نکل گیا، انٹرویو میں کہتا ہے ملک کے حالات بہت بُرے خدا کے واسطے پیسہ دلوا دو، ملک پرمصنوعی لیڈر کو بٹھادیا گیا، شہبازشریف کو اس لیے لایا گیا سارے حکم مانے گا، ایک طرف دنیا سے بھیک مانگ رہے ہیں، دوسری جانب امپورٹڈ حکومت نے نیب ترامیم کر کے 1100 ارب معاف کروا لیے، امپورٹڈ حکومت نے این آر او لیا، ان کا اقتدارمیں آنے کا مقصد اپنی چوری بچانا تھا۔شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل سے کہا وعدہ کرتا ہوں امداد چوری نہیں کریں گے۔

 

 

اس کا مطلب ہے پہلے امداد چوری کرتے تھے، دنیا اس انسان کی عزت کرتی ہے جو اپنی خود کرتا ہے، جس پرائم منسٹر میں غیرت نہ ہواس کی کوئی عزت نہیں کرے گا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستانیوں ہم نے حقیقی آزادی کی تیاری کرنی ہے، ہمیں حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا پڑے گا، آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں دینا پڑتی ہیں، قوم تیاری کرے میں نہ فیصلہ کر لیا کبھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، بڑے ڈاکوملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک لیجاتے ہیں، اگر بڑے ڈاکوؤں کو سزا نہ ملے تو وہ قوم تباہ ہو جاتی ہیں، اگرہم نے ان کی غلامی کو تسلیم کر لیا تو ہمارا کوئی مستقبل نہیں، حقیقی آزادی کے لیے اگر قوم کھڑی نہ ہوئی تو اسی طرح کے چور مسلط رہیں گے، اللہ کا شکرہے میری قوم میں شعور آ گیا ہے، اپنی قوم کو حقیقی آزادی کے لیے جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، جس قوم کی مائیں، بہنیں، نوجوان جاگ جائیں اس قوم کو کوئی غلام نہیں بنا سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close