ہمیں ڈرائیں دھمکائیں یا دہشتگردی کے مقدمات بنائیں ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، عمران خان نے سرگودھا جلسے میں بڑا اعلان کر دیا

سرگودھا (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے اوپر مافیا کا قبضہ ہے، ان کی جڑیں ہر جگہ موجود ہیں،ہمیں ڈرائیں دھمکائیں یا دہشتگردی کے مقدمات بنائیں ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، کہتے سیلاب آگیا اب خاموش ہوجاؤ، میں سیلاب متاثرین کیلئے بھی کام کروں گا لیکن تمہارا بھی پیچھا نہیں چھوڑوں گا۔

 

انہوں نے سرگودھا میں پی ٹی آئی وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26سال قبل اس جدوجہد کیلئے سیاست میں آیا تھا، اس کا مقصد ایک بہت بڑا ذہن ابن خلدون جس کو فادر آف ماڈرن ہسٹری سمجھا جاتا ہے، اب خلدون کے فلسفے کو دنیا مانتی ہے، وہ کہتا ہے کہ میں نے جو قرآن کا مطالعہ کیا ہے، میں نچوڑ نکالا ہے کہ اللہ نے انسان کو زمین پر انصاف قائم کرنے کیلئے بھیجا ہے، اللہ جب انسان کو اشرف المخلوقات بنایا سب سے عظیم مخلوق، انسان جب اوپر جاتا ہے تو وہ فرشتوں سے بھی اوپر چلا جاتا ہے لیکن جب گرتا ہے تو جانوروں سے بھی نیچے گر جاتا ہے ۔انسان اور جانوروں کے معاشرے میں فرق، جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں طاقت کی حکمرانی ہے، طاقتور کیلئے ایک قانون جب کمزورچھپتا پھرتا ہے ۔ انسانی معاشرہ کمزور کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔میں جب 26سال پہلے جدوجہد کی انسانیت، انصاف اور خودداری تین اصول تھے۔

 

 

میں چاہتا ہوں وکلاء میرے ساتھ مل کر پاکستان کی حقیقی آزادی کی جنگ میں شرکت کریں، مولانا رومی کہتے تھے کہ اللہ نے انسان کو پر دیے ہیں تو کیوں چیونٹیوں کی طرح رینگتے ہو،لیکن غلام اوپر نہیں جاسکتا، انسان طاقتور کے غلام بن جاتے ہیں، جاگیردرانہ نظام میں جاگیردار قانون کے اوپر ہیں، نیچے والے لوگ غلام رہتے ہیں۔جب بھی برصغیر میں فتح کرنے والے آئے تو وہ شمال سے آئے صرف انگریز سمندر سے آئے، افغانستان کے پہاڑوں سے نکلتا تھا تو وہ سیدھا ہندوستان پہنچ جاتا تھا، انہیں کوئی نہیں روکتا تھا، پانی پت کی جنگ میں جو جیتتا تھا وہ حکمران بن جاتا تھا، باقی پر کوئی فرق نہیں پڑتا تھا، کیونکہ وہ تو غلام تھے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ جو ہمارے اوپر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ہے، امریکی سازش کے تحت ہمارے اوپر مسلط کی گئی ہے، یہ عوام کے حقوق کیلئے کبھی کھڑے نہیں ہوں گے انہوں نے مہنگائی کے خلاف پوری مہم چلائی اور کہا عمرا ن خان کو ہٹا دینا چاہیے۔ان کے چار ماہ میں جتنی مہنگائی آئی اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔

 

 

پہلے میرے اوپر توہین مذہب کی ایف آئی آر کاٹ دی، اب مدینہ میں جاکر ان کو لوگوں نے چور کہہ دیا تو میرا کیا قصور تھا اس کی ایف آئی آر میرے اوپر کاٹ دی، اب شوکت ترین پر غداری کی ایف آئی آر کہ اس نے توہین آئی ایم ایف کردی ہے۔ حقیقی آزادی کی تحریک میں غیرت مند قوم بننا ہے، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہوں گے کوئی امپورٹڈ فیصلے نہیں ہوں گے۔ہندوستان روس سے سستا تیل خرید رہا ہے، لیکن امپورٹڈ حکومت وہ کرے گی تو آقا حکم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی جنگ میں ہم نے 80ہزار لوگوں کی قربانی دی، میں چاہتا ہوں ہم کسی کی جنگ میں اپنے لوگوں کو قربان نہ کریں،کفر کا نظام چل جاتا ہے لیکن ناانصافی کا نظام نہیں چل سکتا۔ ہمیں پاکستان میں قانون کی حکمرانی جنگ لڑنی ہے، وکلاء کمیونٹی کی ذمہ داری ہے کہ قانون کی حکمرانی قائم کریں،آپ کے پاس قانون کا علم ہے ۔انہوں نے کہا کہ انصاف انسانوں کو آزاد اور ظلم غلام بناتا ہے۔یہ ہونہیں سکتا کہ 30سالوں سے ملک کو لوٹنے والے ڈاکو ہمارے اوپر مسلط ہوجائیں، اور ہمیں کہا جائے کہ سیلاب آگیا ہے ان کوتسلیم کرلو، سیلاب میں سب سے زیادہ کام کروں گا لیکن تمہارا بھی پیچھا نہیں چھوڑوں گا، میں ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔

 

جو بھی سمجھتا ہے کہ ہمیں ڈرا دھمکا کر،دہشتگردی کی ایف آئی آرز بنادیں لیکن پھر بھی ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا۔ملک کے اوپر مافیا نے قبضہ کیا ہوا ہے، ان کی جڑیں ہر جگہ ہیں، ان کی کوشش ہے ہم خوف میں آکر ان کو تسلیم کرلیں ، لیکن لاالہ الااللہ خوف اور لالچ کا بت توڑ دیتا ہے کہ دہشتگردی اور توہین مذہب میں لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیں گے۔ یہ جو مرضی کریں وکلاء میرے ساتھ چلیں آزادی اب دور نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں