توہین عدالت کیس، عمران خان آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے، سخت اقدامات اٹھا لیے گئے

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کے چیئرمین ،سابق وزیراعظم عمران خان آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کیس میں پیش ہوں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ بیان دینے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔

عمران خان کے خلاف توہین عدالت پر نوٹس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب، جسٹس بابر ستار اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل 5 رکنی بینچ کرے گا۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر کے مطابق ہائی کورٹ میں دیگر مقدمات میں پیش ہونے والے سائلین اور وکلا کو پریشانی کے پیش نظر توہین عدالت کیس کی سماعت دن ڈھائی بجے ہوگی جبکہ صرف پاسز رکھنے والے افراد کو ہی کمرہ عدالت میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے سرکلر کے مطابق کمرہ عدالت میں صرف 50 افراد کو داخلہ پاسز جاری کیے جائیں گے۔
’ان میں 15 لا آفیسرز، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل کے آفسز، 15 وکلا، توہین عدالت کا سامنے کرنے والے فریق، 15 صحافیوں اور ڈسٹرکٹ بار اور اسلام آباد بار کے 5 وکلا کو کمرہ عدالت میں داخلے کے پاسز جاری کیے جائیں گے۔ ۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close