عمران خان کی ڈہائی گھنٹے کی ٹیلی تھون، ایک ارب 75 روپے سے زائد چندے کا اعلان، علی امین گنڈا پور کے ایک کروڑ، باکسر عا مر کے 50لاکھ روپے، امریکی نژاد پاکستانی کی جانب سے 22 کروڑ کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر عدالت کی جانب سے ٹی وی چینلز پر براہ راست کوریج پر پابندی ہٹائے جانے کے فیصلے کے بعد پہلے روز سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ٹیلی تھون کا آغاز کیا اور تقریباً ڈھائی گھنٹوںمیں ہی اندرون ملک اور سمندر پار پاکستانیوں سے ایک ارب 75 کروڑ سے روپے سے زائد جمع کر لیے ،پاکستان سمیت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی بحالی تک تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی جانب سے ایک کروڑ روپے سمیت کئی پی ٹی آئی رہنمائوں نے بھی بڑے بڑے اعلانات کیے ۔

جب کہ عمران خان نے براہ راست ٹیلی تھون میں تمام لوگوں سے سیلاب زدگان کے لئے دل کھول کر امداد دینے کی بھرپور اپیل کی ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ہی عدالت نے حکومت کی جانب سے ٹی وی چینلز پر عمران خان کو براہ راست دکھانے کی پابندی ہٹانے کا حکم دیا اور اسی دن ہی پی ٹی آئی چیئرمین نے سیلاب زدگان کے لئے امداد اکٹھی کرنے کی خاطر ٹیلی تھون کا آغاز کیا ۔ اس تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان ، معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمرمعروف اینکر آفتاب اقبال ،اداکار حمزہ عباسی ،اداکار شان،پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء سینیٹر فیصل جاوید،ثانیہ نشتر،سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات نمایاں ہو رہے ہیں ۔ سیلاب کی وجہ سے پورا پاکستان ڈوبا ہوا ہے ۔ ہم نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا جو پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے ۔ ایسے ہی ہم نے ڈیمز بھی بنانا شروع کر دیئے تھے ۔ ہمارے دور میں دس بڑے ڈیمز کی تعمیر شروع ہو گئی تھی ۔ ڈیمز کے ذریعے ہی سیلاب کی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں ۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سیلاب سے پورا ملک متاثر ہوا ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پورا پاکستان ہی مل کر اس امتحان کا سامنے کرے ۔ سیلاب سے ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں ۔ ہمیں بحیثیت قوم اپنے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہے ۔ ہمارے نوجوان رضا کار فورس میں شامل ہوں اور متاثرین کی مدد کریں ۔ ایک کنٹرول روم بنا رہے ہیں جس کے ذریعے رضا کاروں کی رہنماء کریں گے ۔ ٹیلی تھون میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سمیت دیگر نے بھی بذریعہ ٹیلیفون شرکت کی ۔ اس دوران اوورسیز پاکستانیوں اور پی ٹی آئی رہنمائوں سمیت دیگر کی طرف سے لاکھوں روپے کے اعلانات کیے گئے ۔ تقریباً ڈھائی گھنٹوںمیں ہی سمندر پار پاکستانیوں اور پاکستانیوں کی جانب سے ایک ارب 75 کروڑ سے روپے سے زائد جمع کر لیے ۔پی ٹی آئی رہنماء سابق وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا ۔ ایک امریکی نژاد شہری کی جانب سے 22کروڑ روپے ، ایک اور شہری کی جانب سے متاثرین کے لئے پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا گیا ۔ ٹورنٹو سے ایک اوورسیز پاکستانی نے دس لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ ایک اور اوور سیز نے پچاس لاکھ روپے کا اعلان کیا ۔ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بھی پانچ ملین (50 لاکھ روپے ) امداد کا اعلان کیا ۔نجی ٹی وی چینل کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے بھی تین کروڑ روپے کا اعلان کیا ۔ علاوہ ازیں برطانیہ ہی سے ایک اوور سیز میاں بیوی نے عمرے کی دس لاکھ روپے کی رقم سیلاب متاثرین کے لئے دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ رقم انہوں نے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے جمع کی تھی تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ سیلاب متاثرین کی مدد زیادہ ضروری ہے اس لئے وہ پاکستانی سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے دس لاکھ روپے کا اعلان کرتے ہیں ۔ دریں اثناء امریکہ سے ایک سمندر پار پاکستانی نے 22 کروڑ روپے امداد کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر ٹیلی تھون میں موجود وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت اور پوری قوم پاکستان میں آنے والے سیلاب ، اس کی تباہ کاریوں اور جانی نقصان پر غمزدہ ہے اور انہیں متاثرین سے پوری ہمدردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی قیادت میں متاثرین کی مدد اور بحالی کے لئے مل کر اور بھرپور جذبے سے کام کرینگے اور انہیں دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھی بھیج رہے ہیں ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close