پاکستان میں غلطی سے فائر ہونیوالا براہموس میزائل بھارتی فضائیہ کیلئے تباہ کن ثابت ہوا، بھارت نے غلطی تسلیم کر لی

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے میں بھارت نے اپنی غلطی تسلیم کرلی،ایس اوپیز سے انحراف پربھارتی فضائیہ کے 3 افسران نوکری سے فارغ کردیے گئے، 9 مارچ کو براہموس میزائل حادثاتی طور پر پاکستانی حدود میں گرا تھا۔ پاکستان میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے میں بھارت نے اپنی غلطی تسلیم کرلی ہے ، جس کے باعث بھارتی فضائیہ کے 3 افسران کو نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے۔

9 مارچ کو براہموس میزائل حادثاتی طور پر چل کر پاکستانی حدود میں گرا تھا، کورٹ آف انکوائری میں ثابت ہوا کہ بھارتی فضائیہ کے افسران نے ایس اوپیز سے انحراف کیا، جس پر بھارتی فضائیہ کے 3 افسرا ن کو ذمہ دار قرار دے کر نوکری سے فارغ کردیا گیا ہے ، تینوں افسران کو آج ہی نوکری سے نکالنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔تاہم بھارت کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے نوکری سے فارغ کیے جانے والے تینوں افسران کے نام اور رینکس نہیں بتائے گئے۔یاد رہے 9 مارچ 2022 کو ضلع خانیوال کے علاقے میاں چنوں میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعہ 15 مارچ کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا، شرکاء کانفرنس نے قرار دیا تھا کہ بھارتی میزائل جیسے واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، عالمی فورمز میزائل واقعے، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے بھارتی میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعہ پر تشویش کی اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، شرکاء نے اظہار خیال کیا کہ بھارت کے حادثاتی قرار دیے گئے میزائل واقعے سے بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔

شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کی جانچ اہم ہے، ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، ایسے واقعات علاقائی امن، تذویراتی استحکام کو شدید خطرات میں ڈال سکتے ہیں۔اسی طرح پاکستان نے 9 مارچ کو میاں چنوں میں بھارتی میزائل گرنے کے واقعے پر شدید ردعمل دیا تھا اور اس معاملے پر بھرپور انداز میں عالمی فورمز پر بھی اٹھایا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close