عمران خان کی آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اور خاتون مجسٹریٹ کو کھلم کھلا دھمکی

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اور خاتون کو مجسٹریٹ کو اپنے خطاب میں دھمکی دے دی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی اسلام آباد تم کو نہیں چھوڑیں گے، خطاب میں پی ٹی آئی چیئرمین نے خاتون مجسٹریٹ کو بھی دھمکی دی۔

عمران خان نے آئی جی اسلام آباد اور خاتون مجسٹریٹ کے خلاف کیس کرنے کا اعلان بھی کیا۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جس طرح شہباز گل پر دو دن تک تشدد کیا اس کی مثال نہیں ملتی، اگر گل پر کیس ہو سکتا ہے تو نواز شریف، فضل الرحمان، خواجہ آصف اور رانا ثناء پر بھی کیس ہو سکتا ہے، ہم ان سب لوگوں پر کیسز کرنے جا رہے ہیں، گل سے جو کچھ کیا گیا انہوں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں۔عمران خان نے کہا کہ جو کچھ شہباز گل نے کہا اس سے بہت زیادہ نواز شریف، آصف زرداری، مریم نواز اور فضل الرحمان بول چکے ہیں، ان سب نے اپنی باتوں سے فوج کے ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ عمران خان نے کہا کہ شہباز گل پر تشدد کر کے انہوں نے سب کو ڈرانے کی کوشش کی، انہوں نے شہباز گل پر تشدد کرکے اسے توڑنے کی کوشش کی۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں فیصلہ کن وقت ہے، ہم اس خوف کے بت کے سامنے جھک گئے تو ہمارے سامنے غلامی ہے، ہم سب نے اس ظلم کا مقابلہ کرنا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم انگریز سے تو آزاد ہوگئے لیکن آج ہم پر ان چوروں کو سازش کرکے مسلط کر دیا گیا، 25 مئی کو ہم پر ظلم اس لیے کیا گیا کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کرلیں۔عمران خان نے کہا کہ آپ جتنا خوف پھلائیں، جو مرضی آپ کرلیں، آپ عوام کے سمندر کو نہیں روک سکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close