سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی

اسلام آباد(پی این آئی )وزیر اعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے میں سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کر لی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے نائب وزیر اعظم، وزیر دفاع، اور ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے فون پر گفتگو ہوئی۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، جب کہ ولئ عہد محمد بن سلمان

آل سعود نے وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کو یوم آزادی پر مبارک باد پیش کی، اور پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، اور پاکستان سعودی عرب کے مابین برسوں پر محیط مضبوط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم اور ولئ عہد نے وزیر اعظم کے اپریل کے دورے کے دوران لیے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اور سرمایہ کاری، توانائی،

تجارت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔وزیر اعظم نے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا پاکستانی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے حالیہ تعاون پر شکریہ ادا کیا، شہباز شریف نے محمد بن سلمان کو پاکستان کے جلد دورے کی دعوت بھی دی، جسے انھوں نے قبول کر لیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں