پیٹرول کی قیمت میں کتنی کمی کا امکان ہے؟ اوگرا نے سمری وزیراعظم کو ارسال کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) پٹرول سستا ہونے کا امکان، سمری وزیر اعظم کو ارسال کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا کی جانب سے 16 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے باقاعدہ سمری تیار کر لی گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوگرا کی جانب سے تیار کردہ سمری کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 16 روپے 48 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 80 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔

 

مٹی کا تیل بھی 1 روپے 61 پیسے سستا کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ سمری وزیر اعظم کو ارسال کی گئی ہے، شہباز شریف کی جانب سے منظوری دیے جانے کی صورت میں وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی اعلان 15 اگست کو کرے گی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر خزانہ نے بھی پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کا عندیہ دیا تھا۔وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہونے کا عندیہ دیا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستانی روپے کی قدر میں بھی نمایاں استحکام ریکارڈ کیا گیا، آئندہ مہینوں کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی اوراس سے پاکستانی صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔ ایک اور خبر کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہر ہفتے ردوبدل کی تجویز زیر غور ہے، اس حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی۔

 

اقدام کا مقصد عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنا ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھاؤ کے ساتھ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد موسم کی طرح پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ہر ایک یا دو روز بعد تبدیل ہوں گی۔ذرائع پٹرولیم ڈویژن کے مطابق ڈالر سستا یا مہنگا ہونے کی صورت میں ایک دو روز بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close