پی ٹی آئی کا 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں پاور شو کا فیصلہ، عمران خان الیکشن کی تاریخ کیلئے ڈیڈ لائن دیں گے

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے 13 اگست کو اسلام آباد میں پاور شو کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں عمران خان آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ہفتہ کوچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں پاور شو کا فیصلہ کیا گیا۔پی ٹی آئی کے سینیٹر عون عباس بپی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان الیکشن کی تاریخ کیلئے جلسے میں ڈیڈ لائن دیں گے،

عام انتخابات کے اعلان کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔عون عباس بپی نے کہا 13 اگست کی شام کو اسلام آباد میں جلسہ کیا جائے گا جس کی تاریخ فائنل ہے تاہم مقام کا فیصلہ ابھی نہی کیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے کیلئے مرکزی قیادت سمیت دیگر عہدیداروں کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے، اس جلسے کے ذریعے پی ٹی آئی نئے انتخابات اور حکومت کو اسمبلیوں کی تحلیل کیلئے ڈیڈ لائن دے گی۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت انتخابات سے بھاگ رہی ہے لیکن عوام بھاگنے نہیں دیں گے،

کارکنان آخری مرحلے کی تیاری کریں۔ 13 اگست کو سارا پاکستان پریڈ گراونڈ میں عمران خان کا آئندہ کا لائحہ عمل سنے گا۔پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے کہا گیا ہے کہ جلسہ 13 اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں ہوگا اور کارکنان 14 اگست کا جشن بھی جلسہ گاہ میں منائیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close