ممنوعہ فنڈنگ کا معاملہ، پی ٹی آئی مرکزی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانیکا امکان

اسلام آباد (آئی این پی)ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کی مرکزی قیادت کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالے جا نے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے قائدین کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کی روشنی میں مزیدکارروائی کے لیے سپریم کورٹ جانیکا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام اتحادی سپریم کورٹ سے فل کورٹ تشکیل دینے کا مطالبہ کریں گے۔

نجی ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے فیصلے پر مزید پیش رفت کے لیے رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی قائم کی گئی ہے، سیاسی کمیٹی میں خورشید شاہ، نوید قمر، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق شامل ہیں۔اس کے علاوہ قانونی کارروائی کے لیے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیرتارڑ کی سربراہی میں قانونی کمیٹی قائم کی گئی ہے، قانونی کمیٹی میں اعظم نذیرتارڑ، فاروق ایچ نائیک، رانا ثنا اللہ اور کامران مرتضیٰ شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق دونوں کمیٹیاں آج 2 بجے اتحادیوں کے اجلاس میں اپنی سفارشات پیش کریں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانیکا امکان ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کے معاملے کو مثال بنایا جائیگا۔خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 سال بعد پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنادیا ۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی، ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، فیصلے میں کہا گیا ہیکہ کیوں نہ ان کے ممنوعہ فنڈز ضبط کیے جائیں، الیکشن کمیشن دفتر قانون کے مطابق باقی کارروائی بھی شروع کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں