حکومت کا تہلکہ خیز اقدام، پی ٹی آئی رہنمائوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے فارن فنڈنگ کیس میں شامل پی ٹی آئی رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ان ارکان میں اسد قیصر، عمران اسماعیل،سیما ضیا، نجیب ہارون ودیگر رہنماء شامل ہیں۔

 

حکومت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنمائں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔جن ارکان کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے ان ارکان کے نام فارن فنڈنگ کیس میں شامل ہیں۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، احد رشید، جہانگیر رحمان، خالد مسعود، ثمر علی خان، سیما ضیا ، نجیب ہارون اور ظفراللہ خٹک کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان ارکان کے نام ای سی ایل میں آنےکے بعد بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی اور عمران خان پر پابندی لگانے پر غور شروع کردیا۔ وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہےکہ عمران خان کی تاحیات نااہلی اور پی ٹی آئی ارکان کی نااہلی سے متعلق بھی دیکھا جائے گا، مطالبہ ہے کہ سپریم کورٹ کا فل بنچ معاملے کی سماعت کرے۔

 

وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ اور رانا ثناءاللہ مشترکہ پریس کانفرنس کررہے تھے۔وفاقی وزیر رانا ثناءااللہ نے کہا کہ آج ایک آئینی ادارہ نے عمران خان کو چور ڈکلیئر کر دیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ نے خیرات کا پیسہ سیاست کیلئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جو فیصلہ آیا ہے عمران خان کو قوم سے معافی مانگ کر مستعفی ہونا چاہئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی کو الیکشن کمیشن کو اخراجات، آمدن اور ذرائع بتانا ہوتے ہیں، پی ٹی آئی نے اپنے اکائونٹس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ کی منی ٹریل ان کے بیانیہ کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ ہمارے شہیدوں اور قوم کے بہادر بیٹوں کی قربانیوں کے صدقے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کرے، بلوچستان سمیت ملک میں سیلاب میں گھرے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرے۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اﷲ نے آرمی ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسران اور عملہ کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز جب ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوا تھا تو پوری قوم اپنے فوجی بھائیوں کی سلامتی کیلئے دعاگو تھی۔

 

انہوں نے کہا کہ ابھی ابھی اطلاع موصول ہوئی ہے کہ لاپتہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار پاک فوج کے افسران اور عملہ شہید ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ ان کے خاندان کو صبر جمیل عطاء فرمائے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ قرآن پاک میں ملک کیلئے جان دینے والوں کے حوالہ سے اﷲ تعالیٰ کا واضح حکم ہے کہ ان کو مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صدمہ ہم سب کیلئے ناقابل برداشت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close