لاہور(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اراکین اسمبلی کو نئے انتخاب کے لیے تیاری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ 6سے 8ہفتوں میں آئندہ عام انتخابات ہوسکتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ایوان وزیر اعلی میں اراکین اسمبلی نے ملاقات کی ،عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ، وزیراعلی پنجاب پرویز الہی،پارٹی کے سینئر رہنما شفقت محمود ، مونس الہی،اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان،ڈاکٹر ثاینہ نشتر ، ڈاکٹر یاسمین راشد، ہاشم جوان بخت سمیت دیگر شامل تھے
اس موقع پر عمران خان نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو ہفتوں میں تنظیم سازی کا عمل مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اسمبلی اور پارٹی تنظیمیں انتخابات کی تیاری کریں تنظیمیں مکمل کی جائیں تاکہ انتخاب میں بھرپور انداز میں جائیں، 25مئی کو جنہوں نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا قانون ان کے حوالے سے راستہ اختیار کرے گا، مجھے پتہ ہے جن لوگوں نے ہمارے ساتھ دو نمبری کی، سب کے سامنے کسی کا نام نہیں لینا چاہتا،عمران خان سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سابق صوبائی وزیر ہاشم جوان بخت کی ملاقات ہوئی،سابق وزیراعظم نے پنجاب میں احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس پروگرام پر عملدرآمد کے لئے ڈاکٹر ثاینہ نشتر کو ذمہ داری دے ہے، انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ سابق پنجاب حکومت نے غریب خاندانوں کی مدد کے لئے ہمارے اس شاندار پروگرام کو روکا، سابق پنجاب حکومت نے غریب اور نادار افراد کی فلاح و بہبود کے اس اہم پروگرام کو نظر انداز کیا، احساس پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے،سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس پروگرام کو ناصرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملی،ڈاکٹر ثاینہ نشتر نے احساس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے عمران خان کو بریفنگ دی، عمران خان سے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے بھی ملاقات کی ، عمران خان نے عہدہ سنبھالنے پرانہیں مبارکباد دی جس پر سبطین خان نے ذمہ داری کے لئے اعتماد کرنے پر عمران خان کا بے حد شکریہ ادا کیا ،عمران خان سے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے بھی ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا،پارٹی کے سینئر رہنما شفقت محمود نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کی، ملاقات میں شفقت محمود نے سابق حکومت کے انتقامی مقدمات کے بارے میں قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی،عمران خان سے آئی جی پنجاب پولیس نے بھی ملاقات کی جس میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بات جیت ہوئی،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہی سے ملاقات کی جس میں صوبائی کابینہ کی تشکیل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں