لاہور (پی این آئی) اسپیشل سینٹرل عدالت نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو فرد جرم کے لیے منی لانڈرنگ کیس کی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔آج کی سماعت کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار گیا تھا کہ شہباز شریف سرکاری مصروفیات اور حمزہ شہباز کمر درد کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز شہباز شریف اسلام آباد میں سرکاری میٹنگز میں مصروف تھے، وہ اسلام آباد سے لاہور آنے کے لیے تیار تھے، رات موسم کی خرابی پر انہیں سفر سے منع کیا گیا۔یف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ضمانت منظور ہوتے ہی ملزم نے عدالت پیش ہونا چھوڑ دیا ہے تاہم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کر دی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں