اسلام آباد (پی این آئی)وزارت خزانہ نے قومی اسمبلی میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے رقم آنے کے بعد ڈالر کی قیمت 190 سے 210 تک آجائے گی،خوردنی تیل کی پیداوار ملک میں بڑھانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے گیارہ ارکان کے استعفے منظور کرنے کی ایوان کو آگاھی دیدی۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی صدارت میں ہوا۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی ارکان قادر خان مندوخیل اور دیگر کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزارت خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا اسحاق خان نے بتایا کہ آئی ایم ایف سے رقم آنے کے بعد ملک میں ڈالر کی قیمت 190 سے 210 تک آجائے گی۔رانا اسحاق خان نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار اور غریب طبقے کو ریلیف دیا گیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کو بتایا کہ تحریک انصاف کے گیارہ ارکان کے استعفے منظور کرلئے گئے ۔
اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری مہہ ناز اکبر نے بین الحکومتی تجارتی ٹرانزیکشنز بل 2022 پیش کیا، جبکہ وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی بل سینیٹ سے منظور نہ ہونے کے باعث بل مشترکہ اجلاس کو بھیجنے کی تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس پیر کی سہہ پہر چار بجے تک ملتوی کردیا گیا۔خیال رہے کہ مارکیٹ میں اس وقت ڈالر کی قیمت 240روپے ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں