پاک امریکا تعلقات میں پیشرفت، واشنگٹن براہ راست پروازیں بحال کرنے پر راضی

نیویارک(پی این آئی ) پاک امریکا تعلقات میں پیشرفت، امریکا پاکستان سے براہ راست پروازیں بحال کرنے پر راضی ہو گیا۔نجی ٹی وی دنیا کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی سلمان صوفی کی بائیڈن انتظامیہ سے بات چیت ہوئی جس میں امریکی فیڈرل ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے پروازوں کی بحالی پراتفاق کیا۔ذرائع کے مطابق سلمان صوفی کی ملاقات امریکی نیشنل سکیورٹی کے عہدیداران سے ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات،

تجارت کے فروغ، افغان صورتحال اور پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی پر گفتگو ہوئی۔سلمان صوفی نے کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے مثبت ردعمل دیا گیا اور پی آئی اے پروازوں کو بحال کرنے کے اقدامات کی یقین دہانی کرائی، امریکا نے اپنے متعلقہ اداروں کو بھی اس حوالے سے ہدایات دینے کا کہا ہے۔سلمان صوفی کے مطابق امریکا نے پاکستان سےبراہ راست پروازیں شروع کرنے پر رضامندی ظاہرکی ہے،

براہ راست پروازوں سے متعلق وفاقی وزیر سعد رفیق گزشتہ کئی ماہ سے کام کر رہے ہیں اور اب امید ہے اس سے متعلق تمام تیاریاں 6 سے 9 ماہ میں مکمل ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے کارگو کی بھی اجازت مانگ رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم نے امریکی محکمہ زراعت سے کہا ہے کہ اپنا ایک نمائندہ کراچی میں تعینات کریں اس سے تمام برآمدات کا معائنہ کراچی میں ہی ہوگا جبکہ ہمارے تاجروں کا وقت اور پیسہ بچے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close