عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ، حکومت کیا کرنے جارہی ہے؟ بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحاد کی جانب سے ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس میں فل کورٹ بینچ کی تشکیل کے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔

 

حکمران اتحاد کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے وکلا نے عدالت کے سامنے بھرپور طور پر آئین اور قانون کے مطابق بینچ کو مشورہ دیا لیکن بدقسمتی سے بینچ نے ایک غیر جانبدار کی حیثیت میں ٹھنڈے دل کے ساتھ ہمارے مطالبے کو قبول کرنے کی بجائے اسے مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی واضح موقف دینا چاہتے ہیں کہ اگر فل کورٹ مسترد کیا جاتا ہے تو ہم بھی عدلیہ کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور ہم اس کیس کے حوالے سے اس بینچ کے سامنے پیش نہیں ہوں گے اور عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے۔

 

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے سیاسی نظام میں عدلیہ کے ایسے فیصلے موجود ہیں جنہوں نے حکومتی امور پر رکاوٹ ڈالی لیکن یہ حکومت چاہتی ہے کہ اس میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے، ورنہ ہم وزیر اعظم اور پارلیمان کو تجویز دیں گے کہ اس حوالے سے اصلاحات پر مبنی از سر نو قانون سازی کی جائے ،ہم اس طرف متوجہ ہیں اور اصلاحات کی منزل حاصل کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close