اسمبلیاں توڑیں گے یا نہیں؟ وزیراعظم شہباز شریف نے بڑا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(پی این آئی) مسلم لیگ ن کا قبل ازوقت انتخابات نہ کرانےکا فیصلہ۔ پنجاب ضمنی الیکشن میں شکست کے باوجود مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، کل اتحادی جماعتوں کو مسلم لیگ ن اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔ پیر کے روز وزیر اعظم شہباز شریف کی صدارت ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماوں کے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت اپنی مدت مکمل کرے۔

 

دوسری جانب ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کا اجلاس کل طلب کیا ہے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں اورپی ڈی ایم قائدین کا اجلاس کل دوپہرکو لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پرکل اجلاس بلایا گیا ہے، وزیراعظم نےاتحادی جماعتوں اورپی ڈی ایم قائدین کو لاہور میں رہائش گاہ پر دعوت دی ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ حکومت کی اتحادی جماعتیں اور پی ڈی ایم قائدین ملکی صورت حال کا جائزہ لیں گے، اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں اورپی ڈی ایم قائدین میں اہم امورپر مشاورت ہوگی۔ جبکہ پیر کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کی ضمنی الیکشن میں شکست کے بعد لیگی قیادت کی اہم بیٹھک بھی ہوئی۔وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ کا اجلاس ہوا جس میں سینئر پارٹی قیادت شریک تھی۔ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست پر رانا ثناء اللہ کی تفصیلی تجزیاتی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔پارٹی رپورٹ میں ہر حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ لیگی کارکنان نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا۔پارٹی عہدیداروں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی۔

 

پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافے نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا۔مہنگائی کی انتہائی شرح نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ہار میں بنیادی کردار ادا کیا۔ضمنی انتخاب سے صرف دو روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا فائدہ نہیں ہوا۔ عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو رد کر کے مخالفین میں ووٹ دئیے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں