لندن(پی این آئی )سابق وزیراعظم نواز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو (ن) لیگ کے سخت فیصلوں کی وجہ قرار دیدیا۔نجی ٹی وی جیو کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز سے رابطہ کیا اور ضمنی انتخابات کے نتائج کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ مشکل فیصلوں کا نقصان (ن) لیگ کو ہوا ہے
لیکن ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔اس سے قبل مریم نواز نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن )کو کھلے دل سے نتائج تسلیم کرنے چاہئیں، عوام کے فیصلے کے سامنے سر جھکانا چاہیے، سیاست میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، دل بڑا کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج مطابق پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں