پی ٹی آئی کے منحرف اراکین اسمبلی کا کیس، سپریم کورٹ کا بڑا حکم

اسلام آباد (پی این آئی)سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین کے ڈی سیٹ کرنے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیلوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس آف  پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر منحرف اراکین کے وکیل نے دلائل دیئے کہ پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے کوئی ہدایات جاری نہیں کی تھیں،

پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے امیدوار پرویز الٰہی نے انتخاب کے روز اجلاس سے بائیکاٹ کر دیا تھا،جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ جب آپ کی جماعت نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا تو آپ نے شرکت کیوں کی ؟ سپریم کورٹ آرٹیکل 63 اے کی تشریح میں انحراف کو پہلے ہی کینسر قرار دے چکی ہے، انحراف چھوٹی بات نہیں، یہ انسان کے ضمیر کا معاملہ ہے،عدالت عظمٰی نے منحرف اراکین کے وکلاء کو پارٹی پالیسی کے خلاف

ووٹ دینے کے نکتے پر تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے مختلف منحرف اراکین اسمبلی نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close