فیصل آباد (پی این آئی) سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کو فیصل آباد اکنامک زون میں 10 ایکڑ انڈسٹریل پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ گرفتاری اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے عمل میں لائی گئی ہے۔ اس حوالے سے اینٹی کرپشن کے حکام کا کہنا ہے کہ فیڈمک کے سابق سی ای او رانا یوسف کو اینٹی کرپشن اہلکاروں نے پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ سیکریٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان پر فرح گوگی اور ان کی والدہ کی کمپنی کو غیرقانونی طور پر انڈسٹریل پلاٹ دینے کا الزام ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے فیصل آباد اسپیشل اکنامک زون میں قیمتی انڈسٹریل پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کیا، 60 کروڑ مالیت کا پلاٹ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپےجعلی کمپنی بناکر الاٹ کروایا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل پلاٹ لینے کے لیے کمپنی کی ویلیو 2 ارب روپے ہونی چاہیے تھی،
فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے 2 ارب روپے کی جعلی گارنٹی دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی چھان بین بھی کر رہی ہے، گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کی 3 رکنی مشترکہ تفتیشی ٹیم کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں