عمران خان کی جان کو خطرہ؟ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا اہم بیان آگیا

سلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جان کو خطرے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں، پی ٹی آئی کو چاہیے حملے کی معلومات ہمیں نہیں تو آئی جی اسلام آباد، چیف جسٹس یا سکیورٹی ایجنسی کو دے دیں، عمران خان کی وزیراعظم کے برابر سکیورٹی ہے، انتخابی مہم کے دوران مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات آئینی قانونی دائرے میں ہوں، حکومت اور اتحادی مذاکرات کیلئے راضی ہیں، ماورائے آئین مطالبات پر بات نہیں ہونی چاہیے، بات چیت کو پارلیمنٹ میں زیربحث لایا جائے گا، کالعدم ٹی ٹی پی کو آئین و قانون کے نیچے آنا ہوگا، کالعدم ٹی ٹی پی کے گرفتار ساتھیوں پر کوئی بات نہیں ہوگی، فاٹا کو دوبارہ الگ کرنے اور فوج کی واپسی پر بھی بات نہیں ہوگی، سانحہ اے پی ایس میں ملوث دہشتگردوں کو بھی معاف کرنے پر بات نہیں ہوگی، معاملات طے ہونے تک جنگ بندی مئوثر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرے سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے، یہ اس طرح کی گفتگو کرتے رہتے ہیں، ایک دن رات کو بابر اعوان ٹی وی پر نمودار ہوئے کہ بنی گالہ کے قریب کچھ لوگوں کو گھومتے دیکھا عمران خان پر حملہ ہوسکتا ہے ، لیکن جب ہم نے پتا کیا تو کچھ بھی نہیں تھا، اب چوہان صاحب نے کہا کہ افغانستان سے گروپ عمران خان پر حملہ کرنا چاہتا ہے، ان کو چاہیے عمران خان پر حملے کی معلومات آئی جی اسلام آباد، چیف جسٹس یا پھر سکیورٹی ایجنسی کو دے دیں، لیکن ایسے اٹھ کر بات کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو پر حملہ ہوا اس گاڑی میں چھ لوگ تھے، کسی بھی بڑے لیڈر کی آپ کی کلیئرنس نہیں کرسکتے کہ اس کو خطرہ ہے یا اس کو نہیں ہے، کسی بڑے لیڈر پر حملہ ہو تو ملک کو نقصان ہوتا ہے،عمران خان کو وزیراعظم کے برابر سکیورٹی حاصل ہے۔ان کی سکیورٹی کیلئے خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان کی سکیورٹی موجود ہے، اسی طرح اسلام آباد پولیس بھی ہے، عمران خان کو پنجاب میں انتخابی مہم کے دوران مکمل سکیورٹی دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں